پیغام سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم سب کے لئے!!تحریر................ جاوید بھارتی
پیغامِ سیرتُ النبی ﷺ — سب کے لیے!! تحریر ۔۔۔۔۔۔۔۔ جاوید بھارتی سیرتُ النبی ﷺ صرف مسلمانوں کے لیے پڑھنے اور سننے کا موضوع نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک ایسا پیغام ہے جس میں محبت، انسانیت، بھائی چارہ، عدل و انصاف، رحم و کرم، رواداری اور حسنِ اخلاق کی تعلیم ملتی ہے۔ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی پوری زندگی انسانوں کو بہتر زندگی گزارنے اور ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے کا عملی نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے ایسے معاشرے میں انسانیت کا چراغ روشن کیا جہاں ظلم و زیادتی، ناانصافی، اونچ نیچ، تعصب اور کمزوروں کا استحصال عام تھا۔ آپ ﷺ نے انسانوں کو بتایا کہ تمام انسان ایک ہی اصل سے ہیں اور کسی انسان کو دوسرے انسان پر محض مال، خاندان، عہدے یا طاقت کی بنیاد پر برتری حاصل نہیں۔ آپ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ رحم و کرم کا بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے اپنے ساتھ برائی کرنے والوں کے ساتھ بھی صبر، برداشت اور معافی کا معاملہ فرمایا۔ آپ ﷺ نے پڑوسیوں کے حقوق پر زور دیا اور ضرورت مندوں، یتیموں، مسکینوں اور کمزوروں کی مدد کی تعلیم دی۔ سیرتِ نبوی ﷺ کا ایک عظیم پیغام عدل و انصاف ہے۔ آپ ﷺ نے سکھایا کہ انصاف ہر شخص کے لیے برابر ہونا چاہیے، خ...