*عید الفطر یوم الجزا بھی یوم تشکر بھی*تحریر :جاوید اختر بھارتی (سابق سکریٹری یوپی بنکر یونین)
*عید الفطر یوم الجزا بھی یوم تشکر بھی* تحریر :حافظ جاوید اختر بھارتی (سابق سکریٹری یوپی بنکر یونین) javedbharti508@gmail.com جس طرح ہر قوم و ملت کے اندر ایک خاص موقع ہوتا ہے اس موقع کو مخصوص نام دیا گیا ہے اور دیا بھی جاتا ہے جسے عموماً تہوار کہا جاتا ہے اور ہر تہوار اپنا ایک مخصوص مزاج اور پس منظر رکھتا ہے ، بالکل اسی طرح عیدین کا بھی ایک حسین، دل کش اور ایمان افروز پس منظر ہے ۔رمضان المبارک ایک انتہائی بابرکت مہینہ ہے. یہ ماہ مقدس اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمتوں، مغفرتوں اور رحمتوں و برکتوں کا خزینہ ہے قرب خدا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اپنے اندر ایمانی و روحانی انقلاب پیدا کرنے کا عظیم الشان موقع ہے ۔جب بندہ مومن اتنی بے پایاں نعمتوں میں ڈوب کر اور اپنے رب کی رحمتوں سے سرشار ہوکر اپنی نفسانی خواہشات، سفلی جزبات، جسمانی لذات، محدود ذاتی مفادات اور گروہی تعصبات کو اپنے رب کی بندگی پر قربان کرکے سرفراز و سر بلند ہوتا ہے، تو وہ رشک ملائک بن جاتا ہے، اللہ کی رحمت جوش میں آتی ہے، از راہ کرم عنایت باری تعالیٰ کا یہ تقاضہ بن جاتا ہے کہ وہ پورا مہینہ اپنی بندگی میں سرشار، سراپا تسلیم...