ہم صرف دعا سے کام لینا چاہتے ہیں!! تحریر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جاوید اختر بھارتی
ہم صرف دعا سے کام لینا چاہتے ہیں! تحریر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جاوید اختر بھارتی javedbharti.blogspo.com ایک پروگرام میں ایک مولانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمانہ کی گردش اور الٹ پھیر خدائی نظام ہے قوموں کے عروج و زوال کی داستانیں تاریخ کا حصہ رہی ہیں لہٰذا ہمیں موجودہ حالات میں مایوس اور خوفزدہ ہونے کے بجائے اپنا احتساب کرنے کے ساتھ دعا کے ذریعے رب کائنات سے مدد و نصرت حاصل کرنے کی ضرورت ہے ،، ہمیں اس بات پر غور وفکر کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ کون سے اسباب رہے جن کے سبب ہم اللہ کے گھر سے محروم کردئیے گئے ( شائد اشارہ بابری مسجد کی طرف تھا) ہمیں مسجدوں کی حالت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جس طرح سے ہم اللہ کے گھر کی تعمیر کے لئے فکر مند ہیں اسی طرح ہمیں اس کے گھر کو آباد رکھنا چاہئے اور آباد کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ،، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ دعا کرنا چاہئے کیونکہ دعا مومن کا ہتھیار ہے لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ پہلے مومن بننا ہوگا اور آج مسلمانوں کے جو حالات ہیں اس کے تناظر میں تو واضح ہوتا ہے کہ مومن اور مسلمان میں فرق ہے کیونکہ مومنانہ کردار میں کسی کے ساتھ حق تلفی کی گنجائش نہیں ہے ، ذات برادری...