رمضان کا روزہ رکھنے سے دلوں میں خدا کا خوف پیدا ہوتا! تحریر :جاوید اختر بھارتی (سابق سکریٹری یوپی بنکر یونین)


رمضان المبارک :روزہ رکھنے سے دلوں میں خدا کا خوف پیدا ہوتا ہے!
تحریر :جاوید اختر بھارتی (سابق سکریٹری یوپی بنکر یونین)
javedbharti508@gmail.com
رمضان المبارک کا مہینہ اپنے اندر لا محدود رحمتیں سمیٹے ہوئے ہے اس مہینے میں اللہ تعالیٰ کی بیشمار رحمتوں کا نزول ہوتا ہے نوافل، سنن، فرائض کے درجات بلند کردیئے جاتے ہیں خود اللہ رب العالمین کا فرمان ہے کہ روزہ میرے لئیے ہے اور اس کی جزا میں ہی دونگا اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو رمضان المبارک جیسا مہینہ تحفہ کے طور پر عطا فرمایا ہے تاکہ بندہ اپنے گناہوں سے توبہ کر کے اللہ کی خوشنودی حاصل کرے، متقی اور پرہیزگار بن جائے یہی وجہ ہے کہ رمضان کا مہینہ آتے ہی مسلمانوں کے چہروں پر رونق اجاتی ہے اور ایک عجیب کیفیت طاری ہو جاتی ہےمسلمانوں کے دل حسرت و شادمانی سے جھوم اٹھتے ہیں ایمان میں تازگی اجاتی ہے مساجد میں نمازیوں کی تعداد میں اضافہ ہو جاتا ہے پورا پورا دن لوگ ذکر و اذکار اور قرآن مقدس کی تلاوت میں مصروف رہتے ہیں تراویح کا اہتمام ہوتا ہے گویا رمضان المبارک کا مہینہ بندوں کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک آفر ہے کہ نوافل کی ادائیگی کرو فرض کے برابر ثواب پاؤ، سنت کی ادائیگی کرو فرض کے برابر ثواب حاصل کرو ایک فرض ادا کرو ستر فرض کے برابر ثواب پاؤ اور یہ آفر دنیا کے کسی تاجر، سرمایہ دار، کمپنی کی طرف سے نہیں بلکہ اس رب ذوالجلال کی طرف سے ہے جس کے لفظ کن سے پوری دنیا کا وجود ہوا جس کی شان یہ ہے کہ اسے کچھ کرنا اور بنانا ہوتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ کن،، یعنی ہوجا،، تو فیکون،، یعنی ہو جاتا ہے،، اس کی شان اس کی قدرت کا کیا کہنا جس نے زمین اور آسمان بنایا زمین پر سبزہ اُگایا اس کا توازن برقرار رکھنے کے لئے پہاڑوں کو پیدا کیا آسمان کو چاند سورج ستاروں جیسے گل بوٹوں سے سجایا، جس نے جنت و جہنم بنایا اپنے بندوں کو اپنے خوف سے ڈرانے کے لیے اور اپنا نظام سمجھانے کے لئے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کرام علیہم السلام کو بھیجا اور سب سے آخر میں تاجدار کون و مکاں رسول اکرم صل اللہ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا جنہیں سید الانبیاء بنایا، انکو جو کتاب دی اسے ام الکتاب کہا، جس بستی میں مبعوث فرمایا اس بستی کو  آم القریٰ کہا اس کی طرف سے آفر ہے کہ آؤ میری بارگاہ میں توبہ کرو، گناہوں کی معافی مانگو میں تمہیں مالا مال کروں گا تمہارے گناہوں کو بخش دونگا تم میرے محبوب کی امت ہو تمہیں میں نے خیر امت کا لقب دیا ہے کنتم خیر امتٍ أخرجت للناس کہا ہے کہاں تم بھٹکے ہوئے ہو رمضان المبارک کا مہینہ آتے ہی نیکیوں کی کھیتیاں لہلہا نے لگتی ہیں یعنی رمضان کا مہینہ اللہ کی طرف سے بندوں کیلئے حیات نو کا پیغام لیکر آتا ہے، بخشش و نجات کا سامان لیکر آتا ہے اللہ رب العالمین کو اپنے بندوں سے کس قدر پیار ہے کہ سوچنے کی بات ہے کہ باقی ایام میں بندہ مختلف کاموں میں مصروف رہتاہے تو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو شب عاشورہ، شب برات، شب قدر، یوم عرفہ، شب معراج جیسا عظیم موقع عطا فرمایا ہے کہ آؤ ان راتوں میں عبادت کرکے میرا قرب حاصل کرلو جنت کے حقدار بن جاؤ اور جب بندہ اپنے پروردگار کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ان موقعوں پر اپنی پیشانیوں کو سجدوں سے سجاتا ہے اور دلوں میں خدا کا خوف پیدا کرتا ہے اور اپنی آنکھوں سے خوف خداوندی کی بنیاد پر آنسو بہاتا ہے تو رب کریم اتنا خوش ہوتا ہے کہ اسے شام ہوتے ہی مختلف لوازمات سے سجاکر افطار کیلئے دسترخوان عطا فرماتا ہے اور ایک دن اسے عید الفطر اور عیدالاضحیٰ جیسے عظیم الشان خوشی کا ماحول و تہوار بھی عطا فرماتا ہے یہ اس کی شان کریمی ہے، یہ اس کے اعلان و آفر اور وعدے کی شان ہے،، دنیا کا بڑے سے بڑا پاور فل انسان بھی رمضان المبارک کے علاوہ کسی اور مہینے میں مسلسل تیس دنوں تک شام کے وقت ویسے ہی کھانے پینے کا انتظام کرے جیسا رمضان کے مہینے میں مسلسل تیس دنوں تک کرتا ہے تو بہت بہت مشکل ہے ماہ رمضان کی رحمتوں اور برکتوں کی سب سے بڑی دلیل ہی ہے وقت افطار اور اہتمامِ افطار جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا اور جب وقت افطار ہوتا ہے تو روزہ دار دسترخوان سجانے کے بعد بھی نہیں کھاتا ہے بلکہ حکم حکم خداوندی کا انتظار کرتا ہے اس وقت رب تبارک و تعالیٰ کہتا ہے کہ دیکھو میرا بندہ سب کچھ دسترخوان پر سجالینے کے بعد بھی نہیں کھا رہا ہے بلکہ میرے حکم کا انتظار کررہا ہے اسی وجہ سے اس وقت میرے اور بندے کے بیچ کوئی پردہ نہیں کوئی فاصلہ نہیں میرا بندہ جو مانگتا ہے میں اسے عطا کرتا ہوں،، اور یہ ہمیں مکمل بھروسہ ہونا چاہئے کہ بیشک اللہ ہی مددگار ہے وہی زندگی اور موت کا مالک ہے وہی رزاق ہے پورا عالم اس کا محتاج ہے اور وہ کسی کا محتاج نہیں ہے رمضان المبارک کا روزہ فرض ہے اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک رکن ہے بلا کسی عذر شرعی کے روزہ ترک کرنا گناہ عظیم ہے اور رمضان کے روزے کا انکار تو کفر کی دہلیز پر پہنچا دیگا اور روزے کا اہتمام متقی اور پرہیزگاری کی دہلیز تک پہنچا دیگا روزے کی حالت میں خدا کی ذات پر یقین بڑھ جاتا ہے اس کے سمیع و بصیر ہونے کا بھی زیادہ یقین ہوتا ہے باقی ایام میں بندہ نماز پڑھ کر مسجد سے باہر نکلتے ہی لڑائی جھگڑا، گالی گلوج کرنے لگتا ہے لیکن روزہ کی حالت میں وہ کہتا ہے کہ جاؤ میں بحث و مباحثہ نہیں کرنا چاہتا کیونکہ میں روزے سے ہوں، روزے کی حالت میں فریج کھول کر دیکھتا ہے کہ سیب، انار، کھجور، انگور وغیرہ رکھے ہوئے ہیں اور گھر میں کوئی بھی نہیں ہے لیکن پھر بھی نہیں کھاتا ہے کہ میں روزے سے ہوں اور کوئی دیکھے یا نہ دیکھے اللہ دیکھ رہا ہے یعنی روزہ رکھنے سے یہ سبق ملتا ہے کہ تم باقی دنوں میں بھی اسی طرح اللہ سے خوف کھاؤ تو بہت سی برائیوں اور خرافات سے بچ سکتے ہو تو اس سے یہ ثابت ہوگیا کہ روزہ انسان کو بالخصوص مسلمان کو متقی اور پرہیزگار بناتا ہے دعا ہے کہ اللہ رب العالمین ہمیں رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے مالا مال فرمائے اور عالم انسانیت پر رحم و کرم کی بارش فرمائے ،سسکتی ہوئی انسانیت کو چین و سکون عطا فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین -
                  - - - - - - - - - - - - - - - - - - - - - - - -

Comments

Popular posts from this blog

یوپی الیکشن: پھر لفظ سیکولر گونجنے لگا! تحریر: ‏جاوید ‏اختر ‏بھارتی

ہمارے لیے علم سرمایہ ہے اور علم دین عظیم سرمایہ ہے

میدان کربلا اور شہادت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ! تحریر: جاوید اختر بھارتی