خود اپنے خیالات و تصورات کو پاکیزہ بنائیں!! تحریر:جاوید اختر بھارتی ‏


خود اپنے خیالات و تصورات کو پاکیزہ بنائیں!
تحریر: جاوید اختر بھارتی
javedbharti508@gmail.com
کچھ اس قسم کے میسیج اور وائیرل ویڈیوز سوشل میڈیا پر گاہے بگاہے ہنگامہ کھڑا کرتے رہتے ہیں کہ جہاں بہت سارے سوال پیدا ہوتے ہیں وہیں ایک سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ وہ خواتین اسلام جن کی صورتیں دیکھنے کو آسمان ترستا تھا جن کی ایک جھلک پانے کو سورج بےتاب رہتا تھا جن کی پردگی کا یہ عالم تھا کہ ہوائیں ان کے جسم کو چھونے سے عاجز تھیں انھیں باپردہ عفت مآب اور حیا اور پاکدامنی کی دیویوں کا آج یہ عالم کیسے ہوگیا کہ عفت و عصمت حیا اور پاکدامنی کی چادر پھاڑ کر سرعام گھوم رہی ہیں اپنے حسن کے جلوے بکھیر رہی ہیں اپنے جسم سے لطف اندوز کرنے کے لئے خود کو سب کے سامنے پیش کر رہی ہیں گویا ان کی حیثیت ایک شاہ راہ عام جیسی ہوگئی ہے جس پر جو چاہے چلے خواہ وہ ہندو ہو یا مسلمان
یا یہ کہ ایک عمومی دسترخوان ہیں جس پر جو چاہے روٹیاں توڑے اور بوٹیاں نوچے 
ان پاکیزہ اور عفت مآب بنات اسلام پر شہوانیت کا ایسا بھوت کیسے سوار ہو گیا کہ انہوں نے اپنی چند لمحوں کی شیطانی شہوت پوری کرنے کے لئے اپنے ماں باپ اپنے خاندان اپنے سماج کی عزت کو اپنے پاؤں تلے روندنے کے ساتھ ساتھ اپنے ایمان اور اپنے عقیدے کو بھی تیاگ کر جہنم کے دائمی عذاب کو بھی قبول کرنے پر تیار ہو گئیں
آخر ایسا انقلاب کیوں کر ہوا اس کی وجوہات کیا ہیں اس کے اسباب وعوامل کیا ہیں ،جب اس موضوع پر گفتگو ہوتی ہے تو اس بحث و مباحثہ کا خلاصہ یہی نکلتا ہے کہ عورتیں اب بازار میں آنے لگی ہیں یعنی گھر کی زینت اب بازاروں کی رونق بننے لگی ہیں اور ان کے ہاتھوں میں موبائل آچکا ہے یہی دونوں چیزیں اس فساد کی جڑ ہیں یعنی موجودہ فساد کی وجوہات بس یہی دو چیزوں تک محدود ہیں،مجھے اس سے کوئی اختلاف نہیں ہے میں بھی ان دو چیزوں کو ان کی بےحیائی کا اہم ذریعہ سمجھتا ہوں مگر میرے نزدیک وجوہات کا دائرہ انہیں دو تک محدود نہیں ہے بلکہ ان وجوہات میں ایک تیسری وجہ بھی شامل ہے جس کی طرف سے نظریں پھیر لی جارہی ہیں اور وہ وجہ ہم خود ہیں یعنی گھر کے اصل ذمہ دار مرد حضرات خود بگڑ چکے ہیں،
کیا اجنبی عورتوں پر نگاہ ڈالنے سے ہم پرہیز کرتے ہیں،اگر اتفاقا غلطی سے نگاہ پڑ گئی تو فوراً ہم نظریں پھیر لیتے ہیں اور اس نگاہ بد کے انداز پر دل ملامت کرتا ہے
کیا اجنبیہ عورتوں یا لڑکیوں سے موبائل فون پر چوری چھپے گفتگو کرنے کو ہم برا سمجھتے ہیں،
کیا کبھی کسی لڑکی یا عورت کے فون سے اتفاقی طور پر رابطہ ہوگیا تو فوراً ہم رابطہ منقطع کردیتے ہیں،
کیا کسی اجنبیہ کا دل میں تصور آنے کو ہم دل کا زنا سمجھتے ہیں، 
کیا ہمارے نوجوانوں کے ذہن و دماغ پر شہوت کا بھوت سوار نہیں ہے،
کیا یہ رات رات بھر چوری چھپے دوسروں کی بہن بیٹیوں سے فون کے ذریعے زبان اور کان کی زنا کاری میں مشغول نہیں رہتے ہیں یہ سب ایسے سوال ہیں کہ جن کا جواب ملنا مشکل ہے،،
ظاہر ہے کہ اس کا جواب آپ کے پاس صرف یہی ہے کہ ہاں یہ تمام برائیاں مسلمان مردوں میں ہیں میں تو یہاں تک کہتا ہوں کہ آج کا ہمارا معاشرہ اتنا بگڑ چکا ہے کہ دینی محفلوں میں بھی نگاہیں بے قابو رہتی ہیں 
جس سماج کے مردوں کی ذہنی عیاشی و آوارگی کا یہ عالم ہوگا کیا اس سماج کی بیٹیاں اور عورتیں حیا دار پاکدامن اور اپنی عزت و عصمت کی محافظ ہوں گی؟ جب کسی سماج کے مرد جانور بن جائیں تو اس سماج کی عورتیں بھی تو جانور ہی بنیں گی،، یاد رکھیں کہ خواتین کا بگاڑ اور فساد مردوں کے فساد اور بگاڑ پر موقوف ہے اگر ہم پاکدامن ہو جائیں تو کیا مجال کہ ہمارے گھر کی عورتیں بےحیائی کے قریب بھی جائیں ،یہ باتیں میرے اپنے ذہن و دماغ کی اپج نہیں ہیں بلکہ اس حقیقت کو ہمارے اور آپ کے اور ساری کائنات کے آخری معلم اور ہادی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمایا ہے،اٹھائیے معجم کبیرطبرانی جلد ۱۱ صفحہ ۱۷۳ اور مستدرک حاکم۹۸/۱۷ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے ایک طویل روایت ہے جس میں نبی کریم علیہ السلاة والسلام نے فرمایا: ”عفوا تعف نساوٴکم“ ترجمہ: پاک دامن رہو تمھاری عورتیں پاک دامن رہیں گی 
اسی حدیث کے مضمون کو حضرت امام شافعی رحمہ اللہ نے اپنے دیوان میں کچھ اس طرح قلم بند کیا ہے کہ 
جس کا ترجمہ یہ ہے،،تم پاکدامنی اختیار کرو تمہاری عورتیں حرام کاری سے بچی رہیں گی ،اور ایسے کاموں سے بچو جو کسی مسلمان کی شان کے لائق نہ ہو
بے شک زنا ایک قرض ہے اگر تم نے وہ قرض لے لیا تو جان لو کہ اس کو تمہاری اولاد سے وصولا جائیگا آج خود مسلمان مرد کے قدم بہکے ہوئے ہیں چوراہوں پر کھڑے ہو کر یہ احساس بھی نہیں رہتا ہے کہ اس راہ سے گزرنے والی خواتین کے ساتھ کہیں خود اپنے گھر کی بھی خاتون نہ ہو، کہیں خود اپنی ہی بہن بیٹی نہ ہو،،انہیں احساس کے مرنے کی وجہ سے ملت کی بیٹیوں کے قدم ایسے بہکے کہ ارتداد کا ایندھن تک بن گئے ایک خدا کو ماننے والی بیٹیاں منکر خدا کے چنگلوں میں پھنس گئیں-
 اس لیے اگر قوم کی بیٹیوں کی ان ناقابل برداشت حرکتوں پر ہمارا دل دکھتا ہے تو اس کے علاج کی آسان صورت یہی ہے کہ قوم کا ہر مرد پہلے خود اپنے خیالات و تصورات کو پاکیزہ بنائے اپنی نگاہ کو پاکیزہ بنائے اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرے اس کے بعد بقیہ سماجی اصلاح کا پروگرام بنائے- 
             *********************************** 
جاوید اختر بھارتی محمدآباد گوہنہ ضلع مئو یو پی 
موبائل:8299579972 


Comments

Popular posts from this blog

شیخ الحدیث علامہ محمد سلیمان شمسی رحمۃ اللہ علیہ ایک مایہ ناز ہستی! تحریر* جاوید اختر بھارتی

حج عبادت بھی، رکن اسلام بھی، اور پیغام اتحاد و مساوات بھی!!! تحریر: جاوید اختر بھارتی

ضمیر کا دخل بہت بڑی چیز ہے تحریر! جاوید:اختر بھارتی