غربت، سچائی اور خوف خدا !!! تحریر:جاوید اختر بھارتی


غربت، سچائی اور خوف خدا!!!

تحریر:جاوید اختر بھارتی

لوگوں کامال ناجائز طور پر کھانے والے؛یتیموں کا حق مارنے والے؛زمین و جائیداد پر ناجائز قبضہ کرنے والےاور لوگوں کو دھوکہ دے کر مال کمانے اور اسی مال سے اپنے بچوں کاپیٹ بھرنے والے، دن میں دوستی اور رات میں دوستی کی آڑ میں عزت پر ڈاکہ ڈالنے والے، خیانت کی راہ پر لگنے والا مشورہ دینے والے، ناپ تول میں کمی کرنے والے، حساب کتاب میں خرد برد کرنے والے، مزدوروں کا خون چوسنے والے، اپنے بڑوں کا مزاق اڑانے والے، رشتہ داریوں میں دراڑ پیدا کرنے والے، بغض و حسد سے کام لینے والے، چغلی غیبت کرنے والے، تجارت میں دھوکہ دینے والے، تندرست و توانا ہوتے ہوئے بھیک مانگنے والے ذرا اس صحابی رسول کا واقعہ پڑھیں ان کے حالات پر غور کریں ان کی غربت کو دیکھیں اور ان کے تقوے کو دیکھیں ان دل میں اللہ تعالیٰ کا کتنا خوف تھا اندازہ لگائیں، اہل و عیال کی عظیم الشان تربیت کا کتنا عظیم الشان جذبہ تھا، لقمہ حرام سے روکنے اور حلال کمائی کا لقمہ کھلانے کی کتنی فکر تھی اور اس کا کتنا عظیم الشان صلہ ملا کہ دنیا بھی کامیاب اور آخرت بھی کامیاب۔

  حضرت ابودجانہ رضى اللہ عنہ كى ہرروز كوشش ہوتى كہ وہ نماز فجر رسول اللہﷺ كی امامت میں ادا كريں، ليكن نماز كے فوراً بعد يعنی  نماز  ختم ہوتے ہی مسجد سے نكل جاتے، رسول اللہﷺ کی نظريں ابودجانہ پر پڑتیں ، جب ابودجانہ كا يہى معمول رہا تو ايک دن رسول اللہﷺ نے ابودجانہ كو روک كر پوچھا :

اےا بودجانہ! كيا تمہيں اللہ سے كوئى حاجت نہيں ہے؟

ابودجانہ بولے كيوں نہيں؟ رسول اللہﷺ فرمانے لگے، تب پھر آپ ہمارے ساتھ نماز  ختم ہونے کے بعد کچھ دیر کیوں نہیں ٹھہرتے اور اللہ سے اپنى حاجات كے ليے دعا كيوں نہيں كرتے۔

ابودجانہ كہنے لگے اے اللہ كے رسول! در اصل اس كا سبب يہ ہے كہ ميرے پڑوس میں ايك يہودى رہتا ہے، جس كے كھجور كے درخت كى شاخيں ميرے گھر كے آنگن ميں لٹكتى ہيں، اور جب رات كو ہوا چلتى ہے تو اس كى كھجوريں ہمارے گھر ميں گرتى ہيں، ميں مسجد سے اس ليے جلدى نكلتا ہوں تاكہ ان گرى ہوئى كھجوروں كو اپنے خالى پيٹ بچوں كے جاگنے سے پہلے پہلے چُن كر اس يہودى كو دیدوں، تاکہ کہیں ایسا نہ ہو کہ میرے بچے بھوك كى شدت كى وجہ سے ان كھجوروں كو كھا نہ ليں۔

پھر ابودجانہ قسم اٹھا كر كہنے لگے اے اللہ كے رسول! ايك دن ميں نے اپنے بيٹے كو ديكھا جو اس گرى ہوئى كجھور كو چبا رہا تھا، اس سے پہلے كہ وہ اسے نگل پاتا ميں نے اپنى انگلى اس كے حلق ميں ڈال كر كھجور باہر نكال دى۔

یا رسول اللہ! جب ميرا بيٹا رونے لگا تو ميں نے كہا اے ميرے بچے مجھے حياء آتى ہے كہ كل قيامت كے دن ميں اللہ كے سامنے بطور چور كھڑا ہوں،، میں تیری بھوک برداشت کرسکتا ہوں، تیری آنکھوں میں آنسو دیکھ سکتا ہوں تیرا رونا بلکنا اور بھوک سے تڑپنا مجھے گوارا ہے لیکن کسی کی امانت میں خیانت ہرگز گوارا نہیں۔

سيدنا ابوبكر صدیق رضی اللہ عنہ پاس كھڑے يہ سارا ماجرا سن رہے تھے، جذبہ ايمانى اور اخوت اسلامى نے جوش مارا تو سيدھے اس يہودى كے پاس گئے اور کہا کہ تو اپنے کھجوروں کی قیمت بول میں خریدوں گا اور اس سے كھجور كا پورا درخت خريد كر ابودجانہ اور اس كے بچوں كو ہديہ كر ديا۔

پھر كيوں نہ اللہ سبحانہ وتعالىٰ ان مقدس ہستيوں كے بارے يہ سند جارى كرے:

﴿رَّضِىَ اللّـٰهُ عَنْـهُـمْ وَرَضُوْا عَنْهُ﴾

"اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ الله سے راضی ہوئے-"

چند دنوں بعد جب يہودى كو اس سارے ماجرے كا علم ہوا تو اس نے اپنے تمام اہل خانہ كو جمع كيا، اور رسول اللہﷺ کی خدمت میں پہنچا اور مسلمان ہونے كا اعلان كر ديا۔

ابودجانہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ تو اس بات سے ڈر گئے تھے کہ ان كى اولاد ايك يہودى كے درخت سے كھجور كھانے سے كہيں چور نہ بن جائے۔

اور آج ہمارا كيا حال ہے كہ آج ہم اپنے مسلمان بھائيوں كا مال ہر ناجائز طريقے سے كھائے جا رہے ہيں آج ہمارا کاروبار جھوٹ کا مرکز بن گیا اور بے حیائی یہاں تک پہنچ گئی کہ ہم نبی کا کلمہ پڑھتے ہیں، اللہ کو ایک مانتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی سرعام یہ کہتے ہیں کہ بغیر جھوٹ بولے کام ہی نہیں چل سکتا غوث کا دامن نہیں چھوڑیں گے کا نعرہ لگانے والوں ایک بار تو سینے پر ہاتھ رکھ کر سوچو کہ ڈاکوؤں کے جھرمٹ میں غوث اعظم نے جھوٹ نہیں بولا تو ان کا کام کیسے چلا؟حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور خلافت میں بکرا ذبح کر کے بیچنے والا شخص بکرا ذبح کرتا ہے اچانک اسے پیشاب کی حاجت پیش آتی ہے وہ ایک ہاتھ میں پانی کا لوٹا اور جلدی جلدی میں دوسرے ہاتھ میں چھری لئے چل دیا کچھ دور جھاڑیوں کے قریب بیٹھ گیا اسے کراہنے کی آواز سنائی دیتی ہے فارغ ہونے کے بعد وہ آگے بڑھ تا ہے کیا دیکھتاہے ہے کہ ایک شخص پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے گردن کٹی ہے، جان نکل رہی ہے۔ اتنے میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پولیس پہنچتی ہے کیا دیکھتی ہے کہ ہاتھ میں چھری ہے اور چھری سے خون ٹپک رہا ہے پولیس اس شخص کو گرفتارکر لیتی ہے وہ بار بار کہتا ہے کہ قتل میں نے نہیں کیا ہے۔ پولیس کہتی ہے کہ تو موقع واردات پر موجود ہے، تیرے ہاتھ میں چھری ہے، چھری سے خون ٹپک رہا ہے پھر بھی تو کہہ رہا ہے کہ قتل میں نے نہیں کیا ہے،، تو جھوٹ بول رہا ہے چل تجھے امیر المومنین کی بارگاہ میں پیش کریں گے آخر اسے گرفتار کر کے پولیس نے امیر المومنین حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بارگاہ میں پیش کیا۔ حضرت علی نے پولیس سے پوچھا کہ ماجرا کیا ہے بتاؤ تو پولیس نے کہا کہ فلاں جگہ جنگل میں ایک قتل ہوا ہے، موقع واردات پر یہ پکڑا گیا ہے ہاتھ میں چھری تھی اور چھری سے خون بھی ٹپک رہا تھا اسی حالت میں اسے گرفتار کیا گیا ہے اب اس شخص سے حضرت علی نے سوال کیا تو اس نے کہا کہ میں پیشاب کے لئے وہاں گیا تھا میں بکرا ذبح کرتا ہوں اور اس کا گوشت بیچتا ہوں۔ میں مارے جلدی کے ہاتھ میں چھری لئے چلا گیا کراہنے کی آواز سن کر میں قریب گیا، جیسے ہی پہنچا پولیس آگئی اور گرفتار کرلیا بیان تو اس نے صحیح دیا لیکن موقع واردات کی نزاکت کے اعتبار سے وہ مجرم ٹھہرایا گیا۔

امیرالمومنین حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قتل کے بدلے قتل یعنی قصاص کی تاریخ مقرر کردی چنانچہ وہ تاریخ بھی آگئی اب دیکھئے سچائی کی جیت کیسے ہوتی ہے،، مجمع لگا ہوا ہے سزا سنا دی گئی ہے قریب تھا کہ گردن اڑا دی جاتی کہ وہ شخص جس نے قتل کیا تھا وہ بھاگتے ہوئے آرہا ہے اور آتے ہی چیخ پڑا کہ اے امیر المؤمنین یہ بے قصور ہے اور قتل میں نے کیا ہے لہذا میرے اس بھائی کو چھوڑ دیا جائے اور مجھے میرے کئے کی  سزا دی جائے قاتل کے بیان و اقبال جرم پر پہلے سے گرفتار شخص کو چھوڑ دیا گیا اور دوسرے شخص کی گردن مارنے کا حکم دے دیا گیا تلوار چلنے ہی والی تھی کہ حضرت امام حسن رضی اللہ تعالیٰ عنہ کھڑے ہو گئے اور کہنے لگے کہ یہ آدمی نہ آتا تو ایک بے قصور کی جان جاتی گویا اس نے ایک طرف قتل کیا ہے تو دوسری طرف ایک جان بچائی ہے اور قرآن کے مطابق جس نے خون ناحق سے کسی کو بچایا تو اس نے پوری انسانیت کو بچایا یہ دلیل پیش کرتے ہوئے۔

 حضرت امام حسن نے اپنے والد مکرم سے کہا کہ جس پر الزام لگا ہے اسے تو فوراً رہا کیا جائے اور جس نے مزید ایک اور ناحق جان جانے سے بچایا اسے بھی معاف کردیا جائے کیونکہ قتل کر نے کی سزا ملنی چاہیے تو ایک بے قصور کی جان بچانے کا انعام بھی تو ملنا چاہیے معلوم یہ ہوا کہ سچائی سے پریشانی تو ہوسکتی ہے مگر ناکامی نہیں اور جھوٹ کچھ دیر کے لئے سرخرو ہوسکتا ہے مگر کامیاب نہیں ہو سکتا اور جھوٹ کے بیڑے کو ڈوبنا ہی ڈوبنا ہے- قارئین کرام راقم الحروف نے یہ دونوں واقعات کو معتمد علماء کرام کو بیان کرتے سنا ہے  اور بہت سے واقعات کو علماء کرام بیان کرتے ہوئے حوالہ نہیں دیتے شائد اسی وجہ سے کچھ لوگ بڑی آسانی سے کہہ دیتے ہیں کہ فلاں واقعے میں ضعف پایا جاتا ہے، فلاں واقعہ غیر مستند ہے اگر ایسی بات ہے تو علماء و خطباء کو بیان ہی نہیں کرنا چاہیے جبکہ ان دونوں واقعات کو راقم الحروف نے صرف اس مقصد کے تحت تحریر کیا ہے کہ آج کا انسان اور آج کا مسلمان جھوٹ کے بھیانک انجام سے باخبر ہو سکے اور یہ یقین کرلے کہ سچائی کا مقام یہ ہے کہ وقتی طور پر بھلے ہی دشواری کا سامنا کرنا پڑے مگر جب دنیا کے سارے دروازے بند ہوجاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے غیبی مدد آتی ہے یعنی اللہ کی طرف سے سرخروئی کے دروازے کھلتے ہیں کیونکہ سچائی کا تعلق اللہ سے ہے۔ سچائی کا تعلق خوف خدا سے ہے۔

حجاج بن یوسف نے جب ربیع کے دونوں بیٹوں کو قتل کرنے کا حکم جاری کردیا تھا تو حجاج بن یوسف کی پولیس اور فوج ربیع کے دونوں بیٹوں کو تلاش کررہی تھی حجاج بن یوسف کی پولیس تلاش کرتے کرتے تھک گئی لیکن دونوں بیٹے نہیں ملے تو حجاج بن یوسف کو غصہ آیا کہتا ہے کہ آخر ربیع کے دونوں بیٹوں کو زمین کھا گئی یا آسمان تو کسی نے مشورہ دیا کہ روبیع کبھی جھوٹ نہیں بولا کرتے ان کی سچائی کا چہار جانب تذکرہ ہوتا ہے آخر انہیں کو بلا کر معلوم کرلیا جائے تو خود ان کا بھی امتحان ہو جائے گا وہ اپنے بیٹوں کی جان بچانے کے لئے جھوٹ بولتے ہیں یا سچ بولتے ہیں۔ حجاج بن یوسف یہ سنتے ہی کہتا ہے کہ یہ بہت اچھا مشورہ ان کو لایا جائے۔ چنانچہ روبیع کو حجاج کے دربار میں حاضر کیاگیا اب حجاج پوچھتا ہے کہ اے روبیع میری پولیس تمہارے دونوں بیٹوں کو تلاش کررہی ہے اور وہ دونوں نہیں مل رہے ہیں کیا تمہیں معلوم ہے کہ وہ کہاں ہیں تو روبیع نے کہا کہ ہاں مجھے معلوم ہے کہ وہ دونوں کہاں ہیں حجاج کہتاہے کہ پھر تم نے بتایا کیوں نہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھ سے پوچھا ہی نہیں گیا حجاج بن یوسف کہتاہے کہ ہاں تو بتاؤ وہ دونوں کہاں ہیں انہوں نے جواب دیا کہ میرے گھر ہیں کونے میں چھپے ہوئے ہیں،، پولیس دونوں کو پکڑ کر لاتی ہے حجاج بن یوسف کہتاہے کہ اے روبیع تمہیں معلوم ہے کہ تمہارے بیٹوں کی سزا کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ ہاں مجھے معلوم ہے کہ دونوں کو قتل کردیا جائے گا حجاج کہتاہے کہ پھر کیوں بتا دیا دونوں کا پتہ تو انہوں نے کہا کہ میں کبھی جھوٹ نہیں بولتا۔

حجاج کہتاہے کہ تمہیں مجھ سے نفرت ہے تو روبیع کہتے ہیں کہ ہاں مجھے تجھ سے نفرت ہے، تونے صحابہ کرام کو قتل کیا ہے اور مجھے صحابی رسول کے قاتل سے نفرت ہے اور آج تو میرے دونوں بیٹوں کو بھی قتل کردےگا مجھے تجھ سے اور کچھ بات نہیں کرنی ہے بس ایک کام کرنا قتل کے بعد میرے دونوں بیٹوں کی لاشیں میرے گھر بھیجوا دینا تاکہ میں قرآن و حدیث کے مطابق ان کی تجہیز و تکفین کرسکوں اتنا کرنا یہ تیرا احسان ہوگا حجاج بن یوسف چیخ کر کہتا ہے کہ آج تک میرے اوپر کسی کی باتوں کا کچھ بھی اثر نہیں ہوا جو تم نے مجھ سے نفرت کا اظہار کیا۔ اس سے بھی مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اے روبیع تیری سچائی نے مجھے متاثر کردیا اور مجھے کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا آنکھوں سے آنسو بہاتے ہوئے حجاج بن یوسف نے کہا کہ اے روبیع اکیلے نہ جاؤ بلکہ اپنے دونوں بیٹوں کو ساتھ لے کر جاؤ۔ میں نے تمہارے دونوں بیٹوں کو معاف کیا۔ اے روبیع کے بیٹوں مجھے تم پر ترس نہیں آیا بلکہ تمہارے باپ کی سچائی نے تمہیں معاف کرنے کے لئے مجھے مجبور کر دیا جاؤ اپنے نیک باپ کے ساتھ جاؤ۔ یہاں بھی معلوم ہوا کہ سچائی کا دامن ہاتھ سے چھوٹنے نہیں دیا حاکم ملک کے دربار میں بھی مضبوطی کے ساتھ حق و صداقت پر قائم رہے تو اللہ کی طرف سے رہائی کا ایسا راستہ ہموار ہوا کہ جس نے قتل کا فرمان جاری کیا تھا وہی شخص معافی و رہائی کا اعلان کرنے پر مجبور ہوا،، سچ زندہ باد، سچ زندہ باد، سچ ہردم زندہ باد،، نہیں ہے باطل کی بنیاد- 

( جاوید اختر بھارتی// محمدآباد گوہنہ ضلع مئو یو پی) 




Comments

Popular posts from this blog

یوپی الیکشن: پھر لفظ سیکولر گونجنے لگا! تحریر: ‏جاوید ‏اختر ‏بھارتی

ہمارے لیے علم سرمایہ ہے اور علم دین عظیم سرمایہ ہے

میدان کربلا اور شہادت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ! تحریر: جاوید اختر بھارتی